کوہاٹ میں پرانی پولیس لائنز کی مسجد پر خودکش حملے کے بعد دہشتگردوں کے خلاف گزشتہ روز سے جاری آپریشن مکمل کرلیا گیا۔

 

ایلیٹ فورس کمانڈوز، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور سکیورٹی فورسز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے عمارت کے اہم حصوں کو کلیئر کیا، جبکہ جوابی کارروائی میں 8 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

 

یہ بھی پڑھیے: کوہاٹ: پرانی پولیس لائنز کے قریب مسجد میں دھماکا، شہداء کی تعداد 21 ہوگئی

 

 آپریشن کی نگرانی ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ نے کی، جبکہ جی او سی کوہاٹ بھی موقع پر موجود رہے۔

 

انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی)  ذوالفقار حمید خود جائے وقوعہ پر موجود رہے اور آپریشن میں حصہ لینے والے جوانوں کا حوصلہ بڑھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ خودکش بمبار نے قانون کے رکھوالوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنا دیے گئے۔

 

یہ بھی پڑھیے: نئے کھلاڑیوں کی تلاش، خیبرپختونخوا میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کی ہدایت

 

آئی جی خیبرپختونخوا نے آپریشن میں حصہ لینے والے افسران اور اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے ان کے لیے انعامات کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس، سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز نے بہادری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا، جانباز جوان قوم کا فخر ہیں۔

ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے عزائم خاک میں ملا دیے گئے ہیں اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جائے گا۔

 

دوسری جانب دھماکے میں زخمی ایک اور پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا، جس کے بعد شہداء کی تعداد 22 ہوگئی۔

 

یاد رہے کہ گزشتہ روز کوہاٹ کی پرانی پولیس لائنز کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت 21 افراد شہید جبکہ 103 زخمی ہوئے تھے۔