خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل کی دور افتادہ آبادی بازار ذخہ خیل میں پراسرار بیماری کے باعث چار بچے جاں بحق جبکہ دو بے ہوش ہوگئے، جنہیں طبی امداد کے لیے پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے اور وہ آپس میں رشتہ دار تھے۔ ان میں دو لڑکے اور دو لڑکیاں شامل ہیں، جن کا تعلق علاقے خوڑ سے بتایا جاتا ہے۔ جاں بحق بچوں کی شناخت مناول، ماریہ، سلمان اور حفیظ اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق متاثرہ بچوں کو اچانک جھٹکے آنے کی شکایت تھی۔ واقعے میں بے ہوش ہونے والے دو بچوں، کو پشاور منتقل کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق بے ہوش بچوں کو پشاور منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں طبی معائنے اور تحقیقات کے بعد بیماری کی نوعیت اور چار بچوں کی اموات کی اصل وجہ معلوم ہو سکے گی۔
