خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں سونے کی غیر قانونی کان کنی کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے 21 افراد کو گرفتار کرلیا، جبکہ تقریباً 94 کلومیٹر کے علاقے کو غیر قانونی مائننگ کی سرگرمیوں سے پاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ کارروائی کے دوران کان کنی میں استعمال ہونے والی سپلائی لائنز بھی منقطع کردی گئیں۔

 

ڈپٹی کمشنر کوہاٹ محمد نواز وزیر کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹرز اور مائنز مجسٹریٹ نے متعلقہ حکام اور عملے کے ہمراہ یہ کارروائی کی۔ انتظامیہ کے مطابق گرفتار افراد کو جیل منتقل کردیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ غیر قانونی پلیسر گولڈ مائننگ (Placer Gold Mining) کے خلاف جاری آپریشن کے دوران تقریباً 94 کلومیٹر کے علاقے میں غیر قانونی سرگرمیوں کا خاتمہ کیا گیا ہے، جبکہ سپلائی لائنز منقطع کرنے کا مقصد ان سرگرمیوں کی دوبارہ بحالی روکنا ہے۔

 

انتظامیہ کے مطابق غیر قانونی کان کنی میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے اور ذمہ دار افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کیے جا رہے ہیں۔

 

ڈپٹی کمشنر محمد نواز وزیر نے واضح کیا ہے کہ ضلع میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کی اجازت نہیں دی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔

 

ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ آپریشن غیر قانونی کان کنی کے مکمل خاتمے، قدرتی وسائل کے تحفظ اور معدنی وسائل کے قانونی استعمال کو یقینی بنانے تک جاری رکھا جائے گا۔