خیبرپختونخوا میں گراس روٹ لیول سے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی تلاش اور نشاندہی کے لیے صوبے بھر میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فوری شروع کرنے کی ہدایت کردی گئی۔

 

مراسلے کے مطابق سرکاری و نجی تعلیمی اداروں، مقامی کمیونٹیز، اسپورٹس کلبز اور دیگر دستیاب پلیٹ فارمز سے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی نشاندہی کی جائے گی، جبکہ انہیں منظم کوچنگ، تربیت، مسابقتی مواقع اور مسلسل ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

 

یہ بھی پڑھیے: اے این پی تیراہ متاثرین کے لیے میدان میں آچکی، آج کا احتجاج صرف ایک اشارہ ہے، عبدالرزاق آفریدی

 

ضلعی سطح پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اور اسپورٹس افسران باہمی رابطے سے ٹیلنٹ کی نشاندہی، جانچ، انتخاب، تربیت اور ترقی کے لیے ایکشن پلان تیار کریں گے۔ نوجوان کھلاڑیوں کو تعلیمی اداروں اور کھیلوں کی سہولیات تک رسائی دینے کے ساتھ ضروری انتظامی اور لاجسٹک معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔

 

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس نے پسماندہ اور دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے پر زور دیا ہے اور تمام اضلاع میں پروگرام پر فوری اور مؤثر عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔

 

محکمے کے مطابق اس اقدام کا مقصد نچلی سطح سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو تلاش کرکے ان کی تربیت اور صلاحیتوں کو نکھارنا اور انہیں قومی و بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کے لیے تیار کرنا ہے۔

 

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسرز کو ضروری ہدایات جاری کرنے کا کہا ہے۔