خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں شاہ الماس پیر کی پہاڑی پر قائم پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک اہلکار شہید جبکہ تین پولیس اہلکار اغوا کر لیے گئے۔

 

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ اس دوران حملہ آوروں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔

 

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ہنگو صلاح الدین کنڈی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ آور تین مغوی اہلکاروں کو سمانہ پہاڑی کے قریب واقع علاقے خانانو کوٹہ کی جانب لے گئے ہیں۔

 

ان کے مطابق پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے شاہ الماس پیر کی پہاڑی کا کنٹرول دوبارہ حاصل کر لیا ہے، جبکہ مغوی اہلکاروں کی بحفاظت بازیابی کے لیے فرار ہونے والے حملہ آوروں کا تعاقب جاری ہے۔

 

واقعے میں شہید ہونے والے کانسٹیبل فیروز علی کی نمازِ جنازہ پولیس لائن ہنگو میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ اس موقع پر ڈی پی او ہنگو صلاح الدین کنڈی، پاک فوج اور پولیس کے اعلیٰ افسران سمیت بڑی تعداد میں اہلکار موجود تھے۔

 

نمازِ جنازہ کے بعد شہید کانسٹیبل کا جسدِ خاکی تدفین کے لیے ان کے آبائی گاؤں ابراہیم زئی روانہ کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور سرچ آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔