شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران مساجد میں قائم خوارجی دہشت گردوں کے دو ٹھکانے کلیئر کر دیے۔ کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں تیار شدہ دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز)، دھماکا خیز مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن میر علی کے جنوبی حصے میں واقع موزک گاؤں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کیا گیا۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے مساجد کو دھماکا خیز مواد چھپانے اور تشدد کے مراکز کے طور پر استعمال کیا، جو اسلام کی بنیادی تعلیمات کے منافی ہے۔ افغان طالبان کی سرپرستی میں سرگرم خوارجی عناصر کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں اور مذہب کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنا ناقابل قبول ہے۔

 

اس سے قبل 24 ستمبر کو بھی سکیورٹی فورسز نے ایک مسجد کو ڈھال بنانے کی کوشش کرنے والے آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔

 

شمالی وزیرستان میں دیگر دہشت گرد ٹھکانوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی کارروائیاں بھی جاری رہیں گی، جبکہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک مہم جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔

 

یہ کارروائی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد وفاقی حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات پر زور دے رہی ہے۔ وزیر اعظم اور حکومتی رہنماؤں کے مطابق صوبے میں اس آئینی اقدام کا بنیادی مقصد بھی دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائیوں کو یقینی بنانا تھا۔

 

گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا تھا کہ ہتھیار اٹھانے والوں کے ساتھ مذاکرات نہیں ہوں گے بلکہ انہیں انہی کی زبان میں جواب دیا جائے گا۔ ان کے مطابق امن و امان کی بحالی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ناگزیر ہیں۔

دوسری جانب دو روز قبل سکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے ضلع مستونگ کی کڑم ویلی میں کارروائی کرتے ہوئے 27 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن دو مراحل میں مکمل ہوا، جس کے پہلے مرحلے میں 15 اور دوسرے میں 12 دہشت گرد مارے گئے۔