خولہ زرافشاں 

 

ایوی ایٹر بی نائن ایک آن لائن شرط لگانے والی گیم ہے، جس میں کھلاڑی رقم لگاتے ہیں اور کھیل کے دوران اپنی رقم بڑھنے کی امید رکھتے ہیں۔ ابتدا میں معمولی رقم جیتنے سے کھلاڑی کا اعتماد بڑھتا ہے، لیکن زیادہ رقم حاصل کرنے کی خواہش میں وہ بار بار پیسے لگاتے ہیں اور بالآخر اپنی جمع پونجی بھی گنوا بیٹھتے ہیں۔

 

مردان کے رہائشی اعزاز محمد بھی اسی طرح اس کھیل کی طرف راغب ہوئے۔ وہ معمول کے مطابق موبائل پر ٹک ٹاک ویڈیوز دیکھ رہے تھے کہ ایک دن ان کے سامنے اس گیم کا اشتہار آیا۔ انہوں نے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور ابتدا میں دو سے تین سو روپے لگائے، جس کے نتیجے میں انہیں چھ سو روپے ملے۔

 

اعزاز محمد کے مطابق، ''جیسے ہی میرے اکاؤنٹ میں پانچ ہزار روپے آئے، میں بہت پرجوش ہوگیا۔'' ابتدائی جیت کے بعد انہوں نے مزید رقم لگانا شروع کردی، اس امید پر کہ ان کی رقم دگنی اور پھر تین گنا ہوجائے گی، لیکن بالآخر اپنی جیتی ہوئی رقم سمیت مجموعی طور پر اٹھارہ لاکھ روپے ہار گئے۔

 

یہ نقصان صرف اعزاز محمد تک محدود نہیں رہا۔ مردان ہی کے فیاض خان بتاتے ہیں کہ انہوں نے اس گیم میں بیس لاکھ روپے گنوائے، جس کے لیے انہیں اپنی زمین تک فروخت کرنا پڑی۔ اس بھاری نقصان کے بعد وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوگئے۔

پشاور کی رہائشی نرگس (فرضی نام) کے مطابق، ان کے شوہر نے دو ماہ قبل خودکشی کرلی تھی۔ ان کے دو بچے ہیں۔ نرگس کا کہنا ہے کہ شوہر نے ایک خط چھوڑا تھا، جس میں لکھا تھا کہ انہوں نے گھر فروخت کرکے اور اپنی دو کروڑ روپے کی جمع پونجی ایوی ایٹر بی نائن گیم میں لگائی، لیکن ساری رقم ہار گئے۔ اسی شرمندگی کے باعث وہ اپنے اہل خانہ کا سامنا نہیں کر پا رہے تھے۔

 

دوسری جانب ایک دکاندار ناصر بتاتے ہیں کہ انہوں نے دس لاکھ روپے جمع کرکے اپنے بھائی کے پاس امانت کے طور پر رکھوائے تھے، لیکن ان کے بھائی نے یہ رقم بھی ایوی ایٹر گیم میں ہار دی، جس کے بعد ناصر طویل عرصے تک ذہنی پریشانی کا شکار رہے۔

متاثرین کے مطابق اس کھیل میں ابتدا میں چھوٹی رقم جتوا کر کھلاڑی کا اعتماد بڑھایا جاتا ہے۔ جب رقم بڑھتی دکھائی دیتی ہے تو کھلاڑی اسے مزید دگنا اور تین گنا کرنے کی کوشش میں زیادہ پیسے لگاتا ہے، یہاں تک کہ اپنی جمع پونجی گنوا بیٹھتا ہے۔ بعض متاثرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ بڑی رقم لگانے کے بعد اچانک ایپ بند ہوجاتی ہے اور ان کی رقم واپس نہیں ملتی۔

 

اس کھیل سے صرف مرد ہی متاثر نہیں ہوئے بلکہ کئی خواتین بھی بھاری رقوم گنوا چکی ہیں۔ متاثرین کے مطابق غریب اور متوسط گھرانوں کے نوجوان بھی جلد امیر ہونے کی امید میں اپنے والدین کی محنت کی کمائی اس کھیل میں لگا دیتے ہیں، جس کے نتیجے میں بعض خاندان شدید مالی اور ذہنی مشکلات سے دوچار ہوئے ہیں۔

 

بعد ازاں حکومت کی جانب سے بھی اس حوالے سے کارروائی کی گئی اور ایزی پیسہ کے ذریعے آن لائن گیمز میں رقم جمع کرانے پر پابندی کا اعلان کیا گیا۔ اعلان کے مطابق، اگر کوئی کھلاڑی ایزی پیسہ کے ذریعے کسی گیم میں سو روپے بھی جمع کراتا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

اس گیم کا سب سے خطرناک پہلو یہ ہے کہ کھلاڑی ابتدا میں ہونے والی معمولی جیت کو اپنی کامیابی سمجھ بیٹھتا ہے، حالانکہ یہی جیت اسے مزید رقم لگانے پر آمادہ کرتی ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ نقصان پورا کرنے کی خواہش اسے بار بار کھیلنے پر مجبور کرتی ہے اور وہ پہلے سے زیادہ رقم داؤ پر لگا دیتا ہے۔ یوں چند سو روپے سے شروع ہونے والا یہ کھیل لاکھوں اور کروڑوں کے نقصان تک پہنچ جاتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ نوجوان جلد امیر ہونے کے ایسے دعوؤں سے ہوشیار رہیں، کیونکہ آسان کمائی کا لالچ نہ صرف جمع پونجی چھین سکتا ہے بلکہ پورے خاندان کو مالی اور ذہنی مشکلات میں مبتلا کر سکتا ہے۔