احسان خان احمدزئی

 

امریکہ میں دوبارہ آبادکاری کے منتظر ہزاروں افغان مہاجرین پاکستان اور قطر میں طویل انتظار، قانونی پیچیدگیوں اور معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان میں سابق افغان حکومت کے ملازمین، صحافی، انسانی حقوق کے کارکن، امریکی اداروں کے ساتھ کام کرنے والے افراد اور ان کے اہل خانہ شامل ہیں۔ امریکی امیگریشن پالیسی میں سختیوں اور ملک بدری کے خدشات نے ان خاندانوں کے مستقبل کو مزید غیر یقینی بنا دیا ہے۔

 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امیگریشن قوانین سخت کرنے اور غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کی ملک بدری کی حمایت کے باعث افغان مہاجرین میں بھی تشویش پائی جاتی ہے۔ دوسری جانب امریکہ سے تقریباً 150 افغان شہریوں کی ملک بدری کا عمل مؤخر کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، تاہم اسے مستقل تحفظ یا پالیسی میں تبدیلی قرار نہیں دیا جا سکتا۔

دستیاب معلومات کے مطابق پاکستان میں تقریباً 19 ہزار 973 افغان شہری امریکہ میں دوبارہ آبادکاری کے مختلف مراحل میں شامل ہیں۔ ان میں پی ون ، اور پی ٹو،  پروگرامز کے درخواست گزار بھی شامل ہیں، جبکہ بعض کیسز اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کے ذریعے ریفر کیے گئے ہیں۔ ان پروگراموں میں شمولیت امریکہ میں آبادکاری کی ضمانت نہیں، کیونکہ ہر درخواست گزار کو سکیورٹی جانچ اور دیگر قانونی تقاضے پورے کرنا ہوتے ہیں۔ قطر میں بھی بڑی تعداد میں افغان خاندان عارضی رہائش گاہوں اور کیمپوں میں امریکہ منتقلی کی منتظر ہے۔

 

امریکی سیاست اور امیگریشن پالیسی میں ممکنہ تبدیلیوں کے حوالے سے اسلام آباد میں مقیم صحافی اور پاک افغان امور کے تجزیہ کار طاہر خان کا کہنا ہے کہ امریکی سیاسی تبدیلیاں افغان مہاجرین کے مستقبل پر اثر انداز ہوسکتی ہیں، تاہم ان کے کیسز کا فیصلہ امریکی حکومت کی ترجیحات اور قانونی طریقہ کار کے تحت ہوگا۔ ان کے مطابق صرف انتخابی نتائج کی بنیاد پر زیر التوا درخواستوں کی فوری منظوری کی توقع نہیں کی جاسکتی۔

 

امیگریشن اور پناہ گزینوں کے امور کے وکیل محمد عقیف شیر کے مطابق اگر امریکی سیاسی منظرنامے میں ڈیموکریٹس کا اثر و رسوخ بڑھتا ہے تو انسانی حقوق اور پناہ گزینوں سے متعلق پالیسیوں میں نرمی کی امید پیدا ہوسکتی ہے، تاہم یہ یقینی بات نہیں۔ ان کے مطابق درخواست گزاروں کو اپنے کیسز کی قانونی حیثیت اور دستاویزات کے بارے میں درست معلومات حاصل کرنی چاہئیں۔

 

پاکستان میں مقیم افغان خاندانوں کی مشکلات کا اندازہ معروف خان حق پرست کی صورتحال سے لگایا جاسکتا ہے۔ ان کے مطابق ان کے خاندان کا امریکی آبادکاری کے لیے انٹرویو اور طبی معائنہ 31 مئی 2024 کو مکمل ہوچکا تھا، لیکن تاحال انہیں امریکہ منتقلی کی تاریخ نہیں دی گئی۔

معروف خان کا کہنا ہے کہ گرفتاری اور ملک بدری کے خوف نے ان کے خاندان کی زندگی متاثر کر رکھی ہے، جبکہ خواتین اور بچے بھی مسلسل ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ وہ کہتے ہیں، ’’ہر چیز سے پہلے ہمارا سب سے بڑا مسئلہ تحفظ کا ہے۔ پولیس کی آمد اور گرفتاری یا ملک بدری کا خوف ہر وقت رہتا ہے۔ اس پریشانی کی وجہ سے ہمارے بچے اور خواتین ذہنی طور پر شدید متاثر ہوئے ہیں۔‘‘

 

ان کے مطابق بچوں کو اسکولوں میں داخلہ نہیں مل رہا، جس کے باعث ان کی تعلیم متاثر ہورہی ہے۔ روزگار کے مواقع محدود ہونے کی وجہ سے خاندان بنیادی ضروریات پوری کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔ وہ بتاتے ہیں کہ اخراجات پورے کرنے کے لیے انہیں گھر کا ضروری سامان نصف قیمت پر فروخت کرنا پڑا۔

 

رہائش بھی ان کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔ معروف خان کے مطابق مکان مالکان انہیں گھر خالی کرنے کے لیے کہتے ہیں، جبکہ جس رہائش کا کرایہ پہلے تقریباً دس ہزار روپے تھا، اب اسی نوعیت کے مکان کے لیے 20 سے 30 ہزار روپے تک ادا کرنا پڑتے ہیں۔

 

ان کے خاندان کا سب سے تشویش ناک مسئلہ تین بچوں کی آنکھوں کی بیماری ہے۔ معروف خان کے مطابق بچوں کو موتیا اور آنکھوں کے اندر دباؤ بڑھنے کی شکایت ہے، جبکہ ان کی بینائی تقریباً 98 فیصد تک متاثر ہوچکی ہے۔

وہ کہتے ہیں، ’’میرا سب سے بڑا ذاتی مسئلہ میرے تین بچوں کی آنکھوں کی بیماری ہے۔ ان کی بینائی تقریباً 98 فیصد تک متاثر ہوچکی ہے۔ ہم اپنے بچوں کے علاج کے لیے اسپتال بھی نہیں جاسکتے، کیونکہ ہمیں خوف ہے کہ کہیں پولیس ہمیں گرفتار نہ کرلے یا ملک بدر نہ کردیا جائے۔‘‘

 

معروف خان کے مطابق انہوں نے بچوں کے علاج اور اپنے مسائل کے حل کے لیے یو این ایچ سی آر اور انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (آئی او ایم) سے متعدد مرتبہ رابطہ کیا، لیکن ان کے بقول تاحال انہیں کوئی تسلی بخش جواب نہیں ملا۔

ان کا کہنا ہے کہ طویل انتظار، معاشی مشکلات اور تحفظ کے خدشات نے ان کے خاندان کی خواتین اور بچوں کی ذہنی صحت کو بھی متاثر کیا ہے۔ وہ متعلقہ اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ ان کے کیس کا جائزہ لے کر کارروائی تیز کی جائے اور امریکہ منتقلی کے حتمی فیصلے تک پاکستان میں ان کے خاندان کو تحفظ، بچوں کی تعلیم، علاج، روزگار اور مناسب رہائش کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

امریکہ میں آبادکاری کے منتظر افغان خاندانو ں کے لیے مسئلہ صرف ویزے یا منتقلی کی تاریخ کا نہیں بلکہ اس انتظار کے دوران محفوظ زندگی گزارنے کا بھی ہے۔ ان کے لیے ہر گزرتا دن بچوں کی تعلیم، علاج، روزگار اور رہائش کے نئے مسائل لے کر آتا ہے۔ ان خاندانوں کا مطالبہ ہے کہ ان کے زیر التوا کیسز پر شفاف اور بروقت فیصلے کیے جائیں تاکہ وہ غیر یقینی صورتحال سے نکل کر محفوظ مستقبل کی طرف بڑھ سکیں۔