پاکستان نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے ابتدائی روز اپنی پوزیشن مستحکم کرتے ہوئے کھیل کے اختتام پر پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنا لیے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی بلے بازوں نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے مہمان ٹیم کے لیے مشکلات پیدا کر دیں۔
پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے طیب عارف نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 57 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
کپتان بابر اعظم نے بھی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 58 گیندوں پر 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی 35ویں نصف سنچری تھی۔
ڈیبیو کرنے والے ایک اور بلے باز محمد طحہٰ نے 105 گیندوں پر 51 رنز اسکور کیے، جبکہ سعود شکیل نے بھی نصف سنچری مکمل کی اور دن کے اختتام پر 112 گیندوں پر 57 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
دیگر پاکستانی بلے بازوں میں اوپنر اذان اویس 30 اور سلمان علی آغا 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دن کے اختتام پر وکٹ کیپر غازی غوری 7 رنز کے ساتھ سعود شکیل کا ساتھ دے رہے تھے۔
سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنانڈو نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ دلشان مدوشنکا، ملان رتنائیکے اور سونل ڈینوشا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پہلے روز مجموعی طور پر 67.2 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا، تاہم خراب روشنی کے باعث مقررہ وقت سے پہلے ہی کھیل ختم کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے اس ٹیسٹ میچ میں چار کھلاڑیوں، طیب عارف، محمد طحہٰ، عرفات منہاس اور ثاقب خان نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ راولپنڈی میں جاری ہے۔
