خیبرپختونخو کے ضلع خیبر، بالخصوص تحصیل باڑہ کے منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں کی ممکنہ منسوخی پر ایریا ریپریزنٹیٹیو اینڈ ڈیولپمنٹ کونسل (اے آر ڈی سی) کے ارکان اور انجمن تاجران باڑہ کے صدر نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ منصوبوں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) سے خارج کرنے کے بجائے مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی شفاف تحقیقات اور تکنیکی خامیوں کی اصلاح کی جائے۔
ضلع خیبر سے اے آر ڈی سی کے رکن حاجی شیرین آفریدی نے ٹی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع خیبر، بالخصوص باڑہ کے لیے منظور شدہ ترقیاتی منصوبے جاری رہنے چاہئیں۔ ان کے مطابق منصوبوں کی منسوخی سے متعلق اطلاعات سامنے آنے کے بعد انہوں نے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا ہے، جبکہ اس معاملے پر کونسل کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن منصوبوں میں کمیشن، مالی بے ضابطگیوں یا من پسند ٹھیکیداروں کو نوازنے کے الزامات ہیں، ان کی تحقیقات کی جائیں، تاہم عوامی مفاد کے منصوبے ختم نہ کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی کام معیاری میٹریل اور مقررہ طریقہ کار کے مطابق مکمل ہونے چاہئیں اور ضلع خیبر کے لیے منظور شدہ فنڈز بھی اسی علاقے میں خرچ کیے جائیں، تاکہ واپس نہ جائیں۔
اے آر ڈی سی کے رکن عزت اللہ ہمخیال نے کہا کہ کونسل نے پہلے بھی واضح کیا تھا کہ ترقیاتی منصوبے منسوخ نہیں ہونے چاہئیں۔ ان کے مطابق جن اسکیموں میں مبینہ بے ضابطگیوں کی شکایات ہیں، ان کی دوبارہ جانچ پڑتال کی بات ہوئی تھی، نہ کہ انہیں ختم کرنے کی۔

انہوں نے کہا کہ فی الحال منصوبوں کی منسوخی کے بجائے انہیں معطل قرار دیا جا سکتا ہے، تاہم عوامی مفاد کے منصوبوں کو مکمل ہونا چاہیے۔ اس حوالے سے کونسل کے اجلاس میں مزید غور کیا جائے گا۔
دوسری جانب انجمن تاجران باڑہ کے صدر سید ایاز وزیر نے منصوبوں کی ممکنہ منسوخی کو جنگ زدہ قبائلی عوام کے ساتھ ناانصافی قرار دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف، گورنر خیبرپختونخوا اور متعلقہ حکام سے مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ضلع خیبر گزشتہ دو دہائیوں سے بدامنی اور جنگی حالات سے متاثر رہا ہے، جبکہ سابقہ فاٹا کے دور میں بھی باڑہ میں خاطر خواہ ترقیاتی کام نہیں ہوئے۔ خیبرپختونخوا میں انضمام کے بعد بمشکل چند منصوبے منظور ہوئے، جو علاقے کی ضروریات کے مقابلے میں ناکافی ہیں۔

سید ایاز وزیر نے کہا کہ اگر منصوبوں کے طریقہ کار، ٹینڈرنگ یا دیگر معاملات میں بے ضابطگیاں اور تکنیکی غلطیاں سامنے آئی ہیں تو ان کی شفاف تحقیقات کی جائیں، خامیاں دور کی جائیں اور ضرورت پڑنے پر دوبارہ ٹینڈرنگ کی جائے، لیکن منظور شدہ منصوبوں کو اے ڈی پی سے خارج نہ کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے وزیراعلیٰ کے عہدے سے جانے کے چند روز بعد ہی ان کے دور میں منظور شدہ منصوبوں کی منسوخی کی اطلاعات تشویش ناک ہیں۔ ان کے مطابق تاحال نہ کوئی باقاعدہ کمیٹی تشکیل دی گئی، نہ متعلقہ علاقوں کا دورہ کیا گیا اور نہ ہی منصوبوں کا موقع پر جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحصیل باڑہ اور وادی تیراہ کا بنیادی ڈھانچہ بدامنی کے باعث بری طرح متاثر ہوا ہے، جبکہ وادی تیراہ کے آفریدی قبائل اب بھی بے گھر افراد (آئی ڈی پیز) کی زندگی گزار رہے ہیں۔ ایسے حالات میں علاقے کے لیے منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں کو ختم کرنا قبائلی عوام کے مسائل میں مزید اضافہ کرے گا۔
سید ایاز وزیر نے وزیراعظم پاکستان، گورنر خیبرپختونخوا اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ضلع خیبر کے تمام منظور شدہ منصوبوں کی شفاف جانچ پڑتال کرکے بے ضابطگیاں اور تکنیکی خامیاں دور کی جائیں اور عوامی مفاد کے منصوبوں کی تکمیل یقینی بنائی جائے۔
