پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے پیش نظر چیف کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر میاں سعید نے پولیس افسران اور اہلکاروں کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں، جن کے تحت کسی بھی پولیس افسر یا اہلکار کو مارچ، ریلی یا جلوس میں شرکت، معاونت یا سہولت کاری کی اجازت نہیں ہوگی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات اور آئی جی پولیس کے مراسلے کی روشنی میں جاری ہدایات کے مطابق کسی بھی مارچ، ریلی، جلوس یا ایسی کسی سرگرمی کی براہ راست یا بالواسطہ معاونت یا سہولت کاری کے لیے محکمانہ وسائل، سرکاری گاڑیاں، مشینری، آلات یا دیگر سرکاری سہولیات استعمال نہیں کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیے: پشاور: ورسک روڈ پر پولیس اور سی ٹی ڈی کی کارروائی، ایک دہشتگرد ہلاک، اہلکار شہید
ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی پولیس افسر یا اہلکار کو مارچ، ریلی، جلوس یا ایسی کسی سرگرمی میں شرکت کے لیے مجبور، دباؤ میں یا اکسایا نہیں جائے گا اور نہ ہی اسے جبر یا تشدد کا نشانہ بنایا جائے گا۔
پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر کسی سیاسی رہنما، عوامی نمائندے یا کسی دوسرے فرد کی جانب سے جبر، ترغیب، دباؤ یا ناجائز اثر و رسوخ کا سامنا ہو تو وہ فوری طور پر معاملہ اپنے متعلقہ افسران کے نوٹس میں لائیں۔
تمام نگران افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مذکورہ احکامات تمام افسران اور اہلکاروں تک پہنچانے کے ساتھ اپنے دائرہ اختیار میں ان پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔
مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افسر یا اہلکار کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں ملازمت سے برطرفی بھی شامل ہے۔
