پشاور کے ورسک روڈ پر گڑھی شیردار کے علاقے میں پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے، جبکہ کارروائی کے دوران ایک دہشتگرد بھی ہلاک ہوگیا۔

 

ذرائع کے مطابق پولیس اور محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کی مشترکہ ٹیم نے گڑھی شیردار میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی، جس کے دوران دونوں جانب سے فائرنگ ہوئی۔

 

یہ بھی پڑھیے: کوہاٹ: پولیس لائنز مسجد دھماکہ، سی ٹی ڈی کی جوائنٹ ٹیم نے دہشت گرد نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا

 

پولیس  ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ایک دہشتگرد ہلاک ہوا، جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، جن میں سے ایک اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔

 

ورسک روڈ پر فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے دونوں پولیس اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ شہید اہلکار کی میت بھی ہسپتال لائی گئی۔

 

ایل آر ایچ کے ترجمان محمد عاصم کے مطابق دونوں زخمی پولیس اہلکاروں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔