پشاور میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی جوائنٹ ٹیم نے کوہاٹ پولیس لائنز کی مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران حملے میں ملوث نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا، تفتیشی حکام کے مطابق 2 دہشت گرد تنظیموں نے مل کر حملے کی منصوبہ بندی کی۔

 

حکام کے مطابق حملہ آوروں کا مقصد سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ میں موجود اپنے ساتھیوں کو چھڑانا تھا۔

 

یہ بھی پڑھیے: چارسدہ: پولیو ڈیوٹی پر مامور لیڈی ہیلتھ ورکر پر فائرنگ

 

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے حملے سے قبل کوہاٹ میں کچھ دن قیام کیا، جبکہ ہلاک ہونے والے خودکش حملہ آور کے زیر استعمال گاڑی کی شناخت بھی کرلی گئی ہے اور اس کا ڈیٹا اور دیگر تفصیلات حاصل کرلی گئی ہیں۔

 

حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے غیر پھٹا بارودی مواد بھی برآمد ہوا ہے، جس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ جمعے کو کوہاٹ پولیس لائنز کی مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران خودکش حملہ کیا گیا تھا، جس میں پولیس اہلکاروں سمیت 23 افراد شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔