پاکستان کے لیگ اسپنر ابرار احمد پہلی بار آئی سی سی ٹی20 بولنگ رینکنگ میں نمبر ون بولر بن گئے، جبکہ افغانستان کے راشد خان دوسرے نمبر پر آگئے۔

 

تازہ رینکنگ میں ابرار احمد نے راشد خان کو پیچھے چھوڑ کر کیریئر میں پہلی بار ٹی20 بولرز کی فہرست میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ راشد خان گزشتہ چھ ماہ سے اس رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود تھے۔

 

ابرار احمد ٹی20 بولنگ رینکنگ میں نمبر ون بننے والے پاکستان کے پانچویں بولر ہیں۔ ان سے قبل عمر گل، سعید اجمل، شاہد آفریدی اور عماد وسیم بھی یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیے: تنخواہوں میں 30 فیصد اضافے کا مطالبہ، 17 روز سے احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں نے نیا اعلان کردیا

 

پاکستان کے محمد نواز بولرز کی عالمی فہرست میں آٹھویں نمبر پر موجود ہیں، جبکہ سلمان مرزا ایک درجے تنزلی کے بعد 19ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

 

انگلینڈ کے جیمی اوورٹن نے رینکنگ میں نمایاں پیش رفت کرتے ہوئے 47 درجے بہتری حاصل کی اور کیریئر کی بہترین چھٹی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

 

دوسری جانب ٹی20 بیٹرز کی رینکنگ میں انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے سری لنکا کے خلاف کامیاب ہوم سیریز کے بعد کیریئر کی بہترین چوتھی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

 

انگلینڈ کے جوز بٹلر نے سیریز میں 172 رنز بنائے، جس کے بعد وہ ایک درجے ترقی کے ساتھ پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

پاکستان کے صاحبزادہ فرحان ٹی20 بیٹرز کی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ ٹاپ 20 میں ان کے علاوہ کوئی دوسرا پاکستانی بیٹر شامل نہیں۔

 

ون ڈے رینکنگ میں زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے بھی پانچ درجے بہتری حاصل کی اور 24ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔