پشاور میں محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول نے منشیات کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے تقریباً ایک ٹن منشیات برآمد کرلی۔

 

ایکسائز انٹیلی جنس بیورو کے مطابق کارروائی کے دوران رجسٹریشن نمبر SB-5069 سندھ کی ٹویوٹا ریو گاڑی سے 720 کلو گرام چرس اور 240 کلو گرام افیون برآمد کی گئی، جس کا مجموعی وزن 960 کلو گرام ہے۔

 

محکمہ ایکسائز کے مطابق پراونشل انچارج عاکف نواز خان کی سربراہی میں تین خصوصی ایکسائز ٹیموں نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر جہاز چوک کے قریب ناکہ بندی کی۔ اس دوران مشتبہ ٹویوٹا ریو گاڑی کو روکنے کی کوشش کی گئی، تاہم ڈرائیور نے گاڑی بھگا دی جس پر ایکسائز ٹیموں نے اس کا تعاقب کیا اور رنگ روڈ کے قریب گاڑی کو قابو کرلیا۔

 

یہ بھی پڑھیے: جنوبی وزیرستان: وانا میں ژالہ باری سے کھڑی فصلیں بری طرح متاثر

 

محکمے کے مطابق کارروائی کے دوران فرار ہونے والے ملزم نے ایکسائز ٹیموں پر شدید فائرنگ کی اور مزاحمت کی، تاہم اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

 

واقعے کا مقدمہ ایکسائز تھانہ پشاور میں درج کرلیا گیا ہے جبکہ مفرور ملزم اور منشیات کے کاروبار میں ملوث دیگر عناصر کی گرفتاری کے لیے تفتیش جاری ہے۔

 

وزیر ایکسائز سید فخر جہان نے ایکسائز انٹیلی جنس بیورو کی کارروائی کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

 

انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں کے لیے صوبے میں کوئی جگہ نہیں اور منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر اور مافیاز قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔

 

سید فخر جہان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے بچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور صوبے سے منشیات کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول نے کہا ہے کہ انٹیلی جنس بنیادوں پر منشیات کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔