افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ افغانستان پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات اور تعاون کا خواہاں ہے، جبکہ توقع ہے کہ سعودی عرب دونوں ممالک کے درمیان مسائل کے حل کے لیے اہم اور مثبت کردار ادا کرے گا۔

 

عرب میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ افغانستان پاکستان کے ساتھ بات چیت اور تعاون جاری رکھنا چاہتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تنازعات کے حل کے لیے سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیے: کوہاٹ: پرانی پولیس لائنز مسجد دھماکے کے بعد آپریشن مکمل، 8 دہشتگرد ہلاک

 

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب دوست ملک ہونے کی حیثیت سے افغانستان اور پاکستان کے درمیان موجود مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرسکتا ہے، جبکہ افغان طالبان کو سعودی حکام سے اس معاملے میں مثبت کردار کی توقع ہے۔

 

ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ افغان عوام کے دل میں سعودی عرب اور دونوں مقدس مساجد کے لیے بہت محبت اور احترام ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سعودی حکام افغانستان اور پاکستان کے درمیان مسائل کے حل کے لیے اپنی ثالثی کی کوششیں مؤثر انداز میں جاری رکھیں گے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان سعودی عرب کے فیصلوں اور ثالثی کی کوششوں کا احترام کرتا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان متعدد بار واضح کرچکا ہے کہ افغانستان سے اس کا بنیادی مطالبہ یہی ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ افغان طالبان پاکستان کے خلاف استعمال ہونے والی بھارتی پراکسیز اور دیگر دہشتگرد تنظیموں کے خلاف کارروائی کریں۔