ثاقب الرحمن
پشاور کی کنزیومر پروٹیکشن کورٹ نے معروف کپڑوں کے برانڈ کھاڈی پاکستان لمیٹڈ کی جانب سے برانڈ کے لوگو والے شاپنگ بیگ کے لیے صارف سے 30 روپے وصول کرنے کو غیر منصفانہ تجارتی عمل قرار دیتے ہوئے کمپنی کو 25 ہزار روپے معاوضہ، 25 ہزار روپے جرمانہ اور بیگ کی وصول کردہ رقم واپس کرنے کا حکم دے دیا۔
یہ کیس صارف شفق عامر نے کھاڈی کے خلاف دائر کیا تھا۔ درخواست کے مطابق شفق عامر نے 20 دسمبر 2025 کو کھاڈی کے آؤٹ لیٹ سے 7 ہزار روپے کے کپڑے خریدے، جس کے بعد برانڈ کے لوگو والے شاپنگ بیگ کے لیے ان سے 30 روپے اضافی وصول کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیے: مردان: کنویں میں گرنے سے باپ بیٹے سمیت 3 افراد جاں بحق
کنزیومر کیس نمبر 84/CC of 2026 کا فیصلہ کنزیومر کورٹ پشاور کے جج نصراللہ خان گنڈاپور نے 16 ستمبر 2026 کو سنایا۔
کمپنی کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ صارفین کو شاپنگ بیگ مفت فراہم کرنا کمپنی کی ذمہ داری نہیں اور بیگ صارف کی درخواست پر فراہم کیا جاتا ہے۔ تاہم عدالت نے قرار دیا کہ برانڈ کے لوگو والا شاپنگ بیگ کمپنی کی تشہیر کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے، اس لیے اس کی قیمت صارف سے وصول کرنا غیر منصفانہ تجارتی عمل کے زمرے میں آتا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ کمپنی ایک جانب صارف سے شاپنگ بیگ کی قیمت وصول کر رہی تھی جبکہ دوسری جانب اسی بیگ پر اپنے برانڈ کا لوگو استعمال کرکے تشہیر بھی کر رہی تھی۔
عدالت نے کھاڈی کو شفق عامر کو 25 ہزار روپے بطور معاوضہ ادا کرنے اور مزید 25 ہزار روپے جرمانے کی رقم حکومت کو جمع کرانے کا حکم دیا، جبکہ صارف سے وصول کیے گئے 30 روپے بھی واپس کرنے کی ہدایت کی۔
عدالت نے یہ فیصلہ خیبر پختونخوا کنزیومرز پروٹیکشن ایکٹ 1997 کے تحت سنایا ہے۔
