خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کی مختلف تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز (ٹی ایم ایز) کے لیے ایک ارب 58 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی ہے، جبکہ 12 مخصوص اضلاع میں 32 سرکاری محکموں کا انتظامی کنٹرول علاقائی ترقیاتی سیکرٹریٹ کے سپرد کرتے ہوئے مختلف افسران کو اضافی ڈپٹی سیکرٹریز کی ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئی ہیں۔

 

محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کی جانب سے مالی سال 2026-27 کے دوران فنڈز کی ری ایپروپریشن (فنڈز کی ازسرِ نو تقسیم) کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

 

نوٹیفکیشن کے مطابق ٹی ایم اے پشاور سٹی کے لیے سب سے زیادہ 20 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ ٹی ایم اے کوہاٹ، لکی مروت، مانسہرہ، پہاڑپور اور ٹانک کے لیے چار، چار کروڑ روپے کے فنڈز منظور کیے گئے ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیے: کیا پاکستان میں انسانی جان کی اہمیت کم ہوتی جا رہی ہے؟

 

اسی طرح ٹی ایم اے نوشہرہ کے لیے ساڑھے تین کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ مردان، تخت بھائی، سرائے نورنگ اور باری کوٹ سمیت دیگر تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز کے لیے بھی کروڑوں روپے کے فنڈز منظور کیے گئے ہیں۔

 

منظور شدہ فنڈز اکاؤنٹنٹ جنرل اور ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسرز کے ذریعے متعلقہ پرسنل لیجر اکاؤنٹس (پی ایل اے) میں منتقل کیے جائیں گے۔

 

دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے 12 مخصوص اضلاع میں 32 سرکاری محکموں کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی سیکرٹریز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

 

محکمہ ہیومن ریسورس مینجمنٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اوقاف، آثار قدیمہ، ثقافت و سیاحت، ڈرگز کنٹرول اور ہائر ایجوکیشن سمیت 17 محکموں میں افسران تعینات کیے گئے ہیں، جنہیں گریڈ 18 سے 20 تک کے عہدوں پر ایڈیشنل ڈپٹی سیکرٹریز کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

 

ان محکموں میں انرجی اینڈ پاور، سول ڈیفنس، ریسکیو، اینٹی کرپشن اور لینڈ ریکارڈ سمیت دیگر محکمے بھی شامل ہیں۔

 

نوٹیفکیشن کے مطابق محکمہ جیل خانہ جات میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جیل خانہ جات کو گریڈ 19 میں، جبکہ محکمہ ایکسائز میں ڈائریکٹر ساؤتھ کو بھی گریڈ 19 میں ایڈیشنل ڈپٹی سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔

 

اسی طرح لوکل کونسل بورڈ میں گریڈ 18 کے ڈپٹی سیکرٹری کو ایڈیشنل ڈپٹی سیکرٹری کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

 

نوٹیفکیشن میں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ تعینات کیے گئے تمام افسران اپنے ماتحت عملے سمیت فوری طور پر ایڈیشنل ڈپٹی سیکرٹری سیکشن میں رپورٹ کریں۔