خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند میں انسداد پولیو مہم کی ڈیوٹی پر جانے والے پولیس اہلکاروں پر نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 2 اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ مہمند کے علاقے ڈاگ تمانزئی میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح ملزمان نے انسداد پولیو مہم کی ڈیوٹی کے لیے جانے والے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔
فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
