خیبرپختونخوا کے 27 مخصوص اضلاع میں انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہوگئی، مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 48 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

 

ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) کے مطابق انسداد پولیو مہم کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، مہم کے لیے مجموعی طور پر 20 ہزار 772 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیں:ڈیجیٹل میڈیا کے دور میں صحافت: ڈگری، روزگار اور پیشہ ورانہ شناخت کا مستقبل کیا ہوگا؟ 

ای او سی کے مطابق پولیو ٹیموں میں 18 ہزار 630 موبائل، ایک ہزار 225 فکسڈ اور 917 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں، جبکہ ٹیموں کی نگرانی کے لیے 4 ہزار 734 ایریا انچارجز تعینات کیے گئے ہیں۔

 

ای او سی کا کہنا ہے کہ انسداد پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی کے لیے 30 ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

 

حکام کے مطابق پشاور اور خیبر میں انسداد پولیو مہم سات روز جبکہ دیگر اضلاع میں چار روز تک جاری رہے گی۔ پشاور، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن سمیت صوبے کے 27 اضلاع میں مہم بیک وقت چلائی جائے گی۔