خیبرپختونخوا کے 12 نامزد اضلاع میں مختلف محکموں کے 32 ڈائریکٹوریٹس اور سرکاری اداروں کا انتظامی کنٹرول علاقائی ترقیاتی سیکریٹریٹس کو منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کے تحت متعلقہ اداروں کے انتظامی امور اب محکموں کے سربراہان کے بجائے علاقائی ترقیاتی سیکریٹریٹس کے سیکریٹریز کے تحت چلائے جائیں گے۔

 

گورنر خیبرپختونخوا نے 32 سرکاری اداروں کے انتظامی کنٹرول کی منتقلی کے انتظامات کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کے دستخط سے اس ضمن میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

 

نوٹیفکیشن کے مطابق انتظامی اختیارات کی منتقلی کے ساتھ متعلقہ اداروں کے فرائض، سرکاری ریکارڈ، اثاثے، سامان اور دفتری وسائل بھی علاقائی ترقیاتی سیکریٹریٹس کو منتقل کیے جائیں گے۔ ان اداروں کے افسران متعلقہ علاقائی ترقیاتی سیکریٹریٹس کے سیکریٹریز کو جواب دہ ہوں گے۔

 

یہ بھی پڑھیے: اورکزئی: پولیس کی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک، ایس ایچ او سمیت 2 اہلکار زخمی 

 

انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی کے تحت ایڈیشنل چیف سیکریٹری نامزد اضلاع متعلقہ افسران کو علاقائی ترقیاتی سیکریٹریٹس کے سیکریٹریز کے ماتحت مقرر کریں گے، جبکہ اداروں کے افسران اور ملازمین کے تبادلے چیف سیکریٹری کی منظوری سے کیے جائیں گے۔

 

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ انتظامی کنٹرول کی منتقلی سے ملازمین کی سروس شرائط متاثر نہیں ہوں گی اور ان کے عہدے، سنیارٹی، پنشن اور دیگر مراعات برقرار رہیں گی۔ متعلقہ ادارے اپنے موجودہ دفاتر سے ہی کام جاری رکھیں گے اور اس انتظامی تبدیلی کے نتیجے میں ان کے دفاتر کی منتقلی نہیں ہوگی۔

 

مالیاتی امور کے حوالے سے محکمہ خزانہ تنخواہوں، بجٹ، آپریشنل اخراجات اور ترقیاتی فنڈز کی فراہمی و انتظام کا ذمہ دار ہوگا، جبکہ اداروں کے انتظامی معاملات متعلقہ علاقائی ترقیاتی سیکریٹریٹس کے سیکریٹریز کے زیر نگرانی ہوں گے۔

 

انتظامی کنٹرول کی منتقلی کے لیے نامزد اداروں میں اوقاف، اعلیٰ تعلیم، آثار قدیمہ، وائلڈ لائف، خوراک اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ہائی ویز اتھارٹی، فوڈ سیفٹی، ہاؤسنگ اتھارٹی، محکمہ محنت اور معدنیات کو بھی نئے انتظامی ڈھانچے کا حصہ بنایا گیا ہے۔

 

فہرست میں توانائی، ٹرانسپورٹ، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122، اینٹی کرپشن، جیل خانہ جات، پراسیکیوشن، ایکسائز، لینڈ ریکارڈز اور لوکل کونسل بورڈ سمیت 32 سرکاری ادارے شامل ہیں۔

 

نوٹیفکیشن کے مطابق انتظامی کنٹرول کی منتقلی کے احکامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور مزید احکامات جاری ہونے تک برقرار رہیں گے۔