لکی مروت جوڈیشل کمپلیکس میں ایڈیشنل سیشن جج فور کی عدالت کے باہر فائرنگ کے نتیجے میں پولیس کی زیرِ حراست ایک ملزم جاں بحق جبکہ دوسرا ملزم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی سیکرٹری اطلاعات جاوید اقبال ایڈووکیٹ سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔

 

پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے بعد کچہری میں بھگدڑ مچ گئی۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال لکی مروت منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے کرامت اللہ کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا میں 32 سرکاری اداروں کے انتظامی اختیارات علاقائی ترقیاتی سیکریٹریٹس کو منتقل

 

ہسپتال میں زیرِ علاج جاوید اقبال ایڈووکیٹ کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے، جبکہ شدید زخمی انشاءاللہ کا آپریشن جاری ہے۔

 

پولیس کے مطابق واقعے کے بعد جوڈیشل کمپلیکس کو ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند کردیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ قتل کی پرانی دشمنی کا شاخسانہ بتایا جارہا ہے۔