ضلع اورکزئی کے علاقے درہ حسن زئی میں پولیس کی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ ایس ایچ او سمیت 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) شوکت علی کے مطابق کارروائی سنٹرل اورکزئی کے تھانہ مشتی کی حدود میں کی گئی، جہاں پولیس نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا حکومت کی ٹی ایم ایز کے لیے فنڈز کی منظوری، کن تحصیلوں کو کتنی رقم ملے گی؟
ڈی پی او کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایس ایچ او محمد یونس اور سپاہی سلیم زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز (ڈی ایچ کیو) اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
شوکت علی کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق ضلع خیبر کی قوم قمبر خیل سے تھا اور وہ مبینہ طور پر عشر (زکوٰۃ) کے نام پر مقامی لوگوں کو تنگ کر رہے تھے۔
