پاکستان سے غیر قانونی طور پر یورپ جانے والوں کی تعداد میں 64 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ حکومت نے غیر قانونی امیگریشن کے مکمل خاتمے اور بارڈر مینجمنٹ کے لیے مزید اقدامات مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈیولپمنٹ (ICMPD) اور یورپی یونین کی بارڈر اینڈ کوسٹ گارڈ ایجنسی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

 

یہ بھی پڑھیے: پشاور: آئس کریم لینے گئی بچی سے دکاندار کی مبینہ زیادتی کی کوشش، ملزم گرفتار

 

ملاقاتوں میں غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام اور بارڈر مینجمنٹ کے لیے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ اس مقصد کے لیے مشترکہ اقدامات مزید مؤثر بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔

 

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن کا 100 فیصد خاتمہ حکومت کا ہدف ہے اور اسے ہر صورت حاصل کیا جائے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن میں مزید کمی کے لیے قانونی طریقے سے بیرون ملک جانے کے نئے مواقع پیدا کرنا ضروری ہے۔

ڈائریکٹر جنرل آئی سی ایم پی ڈی نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔