کرک میں پولیس اور مطلوب ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار ظفران کی شہادت کے کیس کا مرکزی نامزد اور اشتہاری ملزم نصیب اللہ ہلاک ہوگیا، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
ڈی پی او کرک عمران خان کے مطابق تھانہ صابر آباد کے مقدمہ ایف آئی آر نمبر 533/26 میں مطلوب ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر سرابی کے دشوار گزار پہاڑی علاقے میں کارروائی کی گئی۔
یہ بھی پڑھیے: شمالی وزیرستان: رزمک میں امن و امان کی صورتحال پر جرگہ، انتظامیہ اور مشران کے اہم فیصلے
پولیس پارٹی کے علاقے میں پہنچنے پر ملزمان نے فائرنگ کردی، جس کے بعد پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں مقدمے کا مرکزی نامزد اور اشتہاری ملزم نصیب اللہ ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ ڈی پی او کرک عمران خان بھی آپریشن کی نگرانی کے لیے موقع پر پہنچ گئے۔
پولیس اہلکار ظفران تھانہ صابر آباد کی حدود میں دورانِ گشت فائرنگ کے واقعے میں شہید ہوئے تھے، جس کے بعد پولیس کی جانب سے واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری تھیں۔
