خان وزیر
شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں امن و امان کی صورتحال پر جرگہ منعقد ہوا، جس میں رزمک بازار میں اسلحے کی نمائش پر فوری پابندی عائد کرنے اور کالے شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر رزمک نے جرگے میں علاقائی مشران کو اعتماد میں لیتے ہوئے رزمک بازار میں اسلحے کی نمائش پر فوری پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا، جبکہ کل سے کالے شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی شروع کرنے کا بتایا۔
انتظامیہ کے مطابق خلاف ورزی کی صورت میں پولیس بلاامتیاز قانونی کارروائی کرے گی۔
جرگے میں علاقائی مشران نے رزمک میں ترقیاتی کاموں پر عائد پابندی ختم کرنے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کا دفتر قائم کرنے اور کیٹیگری ڈی ہسپتال کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔
شرکاء نے علاقے میں امن و امان اور عوامی مسائل کے حل کے لیے جرگے کا سلسلہ ہر 15 روز بعد جاری رکھنے پر اتفاق کیا، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر نے عوامی مسائل کے حل کے لیے انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
رزمک کیمپ کے باہر منعقدہ جرگے میں اسسٹنٹ کمشنر رزمک طفیل محمد، ایس ایچ او رزمک شازید خان، ایریا محرر شیر بہادر، ملکان، علاقائی مشران اور مقامی افراد نے شرکت کی۔
