پشاور کے علاقے بھانہ ماڑی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران سنگین مقدمات میں مطلوب گینگ کے 2 ملزمان ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے زیورات کے تاجر سے چھینی گئی 68 لاکھ روپے کی رقم، ایک کلاشنکوف، ایک پستول اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔
کیپٹل سٹی پولیس پشاور کے مطابق ہلاک ملزمان کی شناخت شاکر ولد لعل محمد، سکنہ زندے، اور عثمان ولد فضل غنی، سکنہ دلہ زاک روڈ کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان ڈکیتی، راہزنی، قتل، اقدام قتل اور پولیس پر حملوں سمیت سنگین نوعیت کے 13 مقدمات میں انتہائی مطلوب تھے۔
یہ بھی پڑھیے: مردان: سوات موٹروے پر ایکسائز پولیس کی گاڑی حادثے کا شکار
پولیس کا کہنا ہے کہ 22 جولائی 2026 کو تھانہ بھانہ ماڑی کی حدود سول کوارٹر روڈ پر ملزمان نے مبینہ طور پر اسلحے کے زور پر ایک زیورات کے تاجر سے ایک کروڑ 78 لاکھ روپے چھینے تھے۔ واقعے کا مقدمہ علت نمبر 902 زیر دفعہ 392 پاکستان پینل کوڈ تھانہ بھانہ ماڑی میں درج کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق اطلاع ملی تھی کہ مطلوب ملزمان قبرستان غازی بابا لارہ میں موجود ہیں اور ان کے پاس ایک بیگ بھی ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی تو ملزمان اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں دونوں ملزمان ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان کے قبضے سے زیورات کے تاجر سے چھینی گئی رقم میں سے 68 لاکھ روپے، ایک کلاشنکوف، ایک پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ریکارڈ چیک کرنے پر دونوں ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں 13 مقدمات درج پائے گئے، جن میں ڈکیتی، اقدام قتل، پولیس پر حملے، ڈکیتی کی تیاری اور دیگر سنگین دفعات شامل ہیں۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزمان کے خلاف تھانہ بھانہ ماڑی، چمکنی، پہاڑی پورہ، سربند اور آغا میر جانی شاہ میں مقدمات درج تھے۔
ان میں تھانہ بھانہ ماڑی میں 22 جولائی 2026 کو درج مقدمہ علت نمبر 902 زیر دفعہ 392، تھانہ چمکنی میں 27 فروری 2023 کا مقدمہ علت نمبر 23 زیر دفعہ 392، 14 جنوری 2025 کا مقدمہ علت نمبر 131 زیر دفعہ 11-CNSA، 12 اپریل 2025 کا مقدمہ علت نمبر 722 اور 23 مارچ 2026 کا مقدمہ علت نمبر 602 شامل ہیں۔
اسی طرح تھانہ چمکنی میں 23 مارچ 2025 کا مقدمہ علت نمبر 622، 29 اپریل 2025 کا مقدمہ علت نمبر 851، 22 ستمبر 2022 کا مقدمہ علت نمبر 1375، سال 2025 کا مقدمہ علت نمبر 53 اور سال 2020 کا مقدمہ علت نمبر 1655 بھی درج ہے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق تھانہ سربند میں سال 2023 کا مقدمہ علت نمبر 123 جبکہ آغا میر جانی شاہ میں سال 2024 کا مقدمہ علت نمبر 2237 بھی ملزمان کے خلاف درج تھا۔
