زالان خان آفریدی
وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دینے کی اسکیم کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو سبسڈی دی جائے گی۔
حکومت کے اعلان کردہ پیکیج کے تحت موٹرسائیکل اور تین پہیوں والی سواریوں کے لیے ماہانہ 20 لیٹر جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت مقرر کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: وزیراعظم کی خصوصی ریلیف اسکیم، پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے ریلیف کن گاڑیوں کے مالکان کو ملے گا؟
وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ کے مطابق موٹرسائیکل مالکان ہفتے میں ایک بار جبکہ چھوٹی گاڑیوں کے مالکان ہر 10 دن بعد سبسڈی حاصل کرسکیں گے۔ موٹرسائیکل کے لیے ایک ٹوکن 5 لیٹر جبکہ گاڑی کے لیے 10 لیٹر پیٹرول پر جاری ہوگا۔
شزا فاطمہ خواجہ کے مطابق 15 سال پرانی موٹرسائیکلیں اور 20 سال پرانی گاڑیاں بھی اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گی۔
حکومت کے مطابق رجسٹریشن کے لیے شہری کو اپنے موبائل نمبر سے 9771 پر SMS کرنا ہوگا۔ پیغام میں REG، شناختی کارڈ نمبر، گاڑی یا موٹرسائیکل کا رجسٹریشن نمبر، صوبے کے نام کا پہلا حرف اور رجسٹریشن کی تاریخ درج کرنا ہوگی۔
یہ بھی پڑھیے: مصنوعی ذہانت سے انسانیت کو خطرہ؟ اگلے 10 سال اہم کیوں ہیں؟
موبائل نمبر، سم اور شناختی کارڈ ایک ہی شخص کے نام پر ہونا ضروری ہے۔
رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد پیٹرول لینے سے پہلے TOK لکھ کر 9771 پر SMS کرنے سے ٹوکن جاری ہوگا، جسے متعلقہ پیٹرول پمپ پر دکھا کر رعایتی پیٹرول حاصل کیا جاسکے گا۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے مطابق اس اسکیم کا مقصد کم آمدنی والے اور مستحق شہریوں کو پیٹرول کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کرنا ہے، خاص طور پر ان افراد کو جو موٹرسائیکل، رکشہ اور چنگچی استعمال کرتے ہیں۔
حکومت کے مطابق یہ سہولت اسلام آباد میں 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی رات سے جبکہ 16 ستمبر کی رات 12 بجے سے ملک بھر، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں دستیاب ہوگی۔
