ہانگ کانگ سکسز کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی حریف بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ قومی ٹیم نے 89 رنز کا ہدف صرف 3.5 اوورز میں حاصل کرلیا۔

 

مشن روڈ گراؤنڈ میں گروپ سی کے مقابلے میں پاکستانی کپتان عباس آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ بھارتی ٹیم نے مقررہ 6 اوورز میں 88 رنز بنائے۔

 

یہ بھی پڑھیے: ثمر ہارون بلور کی پریس کانفرنس، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور صوبے کے اہم مسائل پر کیا کہا؟

 

بھارت کی جانب سے ششانک سنگھ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 11 گیندوں پر 40 رنز اسکور کیے، جس میں 5 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔

 

پاکستان کی جانب سے عبدالصمد نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے ایک اوور میں صرف 10 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ احمد دانیال اور محمد شہزاد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

 

جواب میں پاکستانی بلے بازوں نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ اوپنر خواجہ نافع نے صرف 12 گیندوں پر 41 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 5 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔ کپتان عباس آفریدی نے بھی 35 رنز بنا کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

 

عبدالصمد 7 اور عرفان خان 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح پاکستان نے مطلوبہ ہدف 3.5 اوورز میں حاصل کرکے بھارت کے خلاف 4 وکٹوں سے کامیابی اپنے نام کرلی۔