.پاکستان میں جنوری 2000 سے اب تک پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران 170 سے زائد صحافی قتل ہو چکے ہیں، تاہم ان کے قتل کے صرف 3 مقدمات میں ملزمان کو سزا سنائی جا سکی ہے۔

 

 فریڈم نیٹ ورک کی تازہ رپورٹ میں صحافیوں کے تحفظ اور ان کے خلاف جرائم میں ملوث افراد کو سزا دلوانے کے حوالے سے تشویش ناک صورتحال کی نشاندہی کی گئی ہے۔

 

فریڈم نیٹ ورک کی سالانہ رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2025 سے اگست 2026 کے دوران صحافیوں کے خلاف مجموعی طور پر 78 واقعات ریکارڈ کیے گئے، جن میں ایک قتل، قتل کی 3 کوششیں، دھمکیوں کے 18 واقعات، تشدد کے 11 واقعات، 13 قانونی کارروائیاں اور قانونی کارروائی کی 32 دھمکیاں شامل ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیے: ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ: پاکستان نے بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی

 

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صحافیوں کے خلاف 49 واقعات کے ساتھ پنجاب سرفہرست رہا، جبکہ خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور بلوچستان میں بھی صحافیوں کو مختلف خطرات اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔

 

 

 ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ اور آزاد صحافی سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔ تقریباً دو تہائی واقعات میں متاثرہ صحافیوں یا ان کے اہل خانہ نے سرکاری حکام اور اہلکاروں کو مبینہ طور پر ذمہ دار قرار دیا۔

 

رپورٹ میں صحافیوں کے خلاف پیکا قانون کے استعمال پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ فریڈم نیٹ ورک کے مطابق بعض صحافیوں کو سرکاری اخراجات، بدعنوانی اور حکومتی شخصیات سے متعلق رپورٹنگ کرنے پر قانونی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

 

رپورٹ کے مطابق بار بار طلب کیے جانے، گرفتاریوں، الیکٹرانک آلات کی جانچ پڑتال اور عدالتی اخراجات کے باعث صحافیوں کو شدید مشکلات پیش آتی ہیں، چاہے ان کے خلاف مقدمات کا حتمی فیصلہ نہ بھی ہوا ہو۔

 

فریڈم نیٹ ورک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اقبال خٹک نے صحافیوں کے خلاف جرائم میں ملوث افراد کو سزا نہ ملنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حفاظتی قوانین اور کمیشن کی موجودگی کے باوجود صورتحال میں بہتری نہیں آ سکی۔

 

رپورٹ میں وفاقی سطح پر صحافیوں کے تحفظ کے نظام کو غیر فعال قرار دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو مؤثر بنانے، صحافیوں کو قانونی اور نفسیاتی مدد فراہم کرنے اور اختیارات کے غلط استعمال میں ملوث افراد کے احتساب کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

 

فریڈم نیٹ ورک کی یہ رپورٹ 2 نومبر کو منائے جانے والے صحافیوں کے خلاف جرائم میں سزا سے استثنیٰ کے خاتمے کے عالمی دن سے قبل جاری کی گئی ہے۔