لکی مروت میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل ممتاز شہید ہوگئے، جبکہ واقعے کے بعد پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی مشترکہ کارروائی میں دو مبینہ ٹارگٹ کلرز ہلاک ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تھانہ شہبازخیل کی حدود میں ایم سی بینک کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس کانسٹیبل ممتاز کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ شہید ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس امن کمیٹی نے فوری کارروائی کی، جبکہ ڈی پی او لکی مروت سجاد احمد صاحبزادہ کی قیادت میں پولیس اور سی ٹی ڈی بھی متحرک ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیے: ضلع خیبر میں زیتون کی کاشت کا منصوبہ کتنا کامیاب رہا، پیداوار میں کتنا اضافہ ہوا؟
پولیس ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران کانسٹیبل ممتاز کی شہادت میں مبینہ طور پر ملوث دونوں ٹارگٹ کلرز ہلاک کردیے گئے۔
پولیس ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ علاقے میں دیگر مشتبہ دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل شمالی وزیرستان کی سب ڈویژن میرعلی کے علاقے عیدک میں بھی نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے بنوں پولیس کا ایک کانسٹیبل جاں بحق ہوگیا تھا۔
