پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا (پی ڈی ایم اے) نے صوبے کے مختلف اضلاع میں 14 سے 17 ستمبر کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے سے آگاہ کیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ پشاور، مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیے: اپر سوات: 9 سالہ ایشمل سے مبینہ جنسی زیادتی کے بعد قتل کے خلاف خواتین پہلی بار سڑکوں پر نکل آئیں
موسمی صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو نکاسی آب کے نظام کو صاف اور فعال رکھنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو اہلکاروں اور ضروری سامان کی دستیابی یقینی بنانے پر بھی زور دیا ہے۔
اتھارٹی نے بارش کے دوران سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور اضافی احتیاط کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر پناہ لیں اور بجلی کی تاروں سمیت خطرناک اشیا سے دور رہیں۔
