وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے آبائی علاقے خیبر کی تحصیل باڑہ کے ونڈگری میں قبیلہ برقمبرخیل کی ذیلی شاخ ونڈگری کے مشران نے علاقے میں ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جرگے میں مقامی مشران کی مشاورت سے ترقیاتی کمیٹی تشکیل دینے اور ونڈگری کے تمام علاقوں کا سروے کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
مشران نے مطالبہ کیا کہ علاقے کی ضروریات کے مطابق سڑکوں، پروٹیکشن والز، سولرائزیشن، ٹیوب ویلز، گلیوں کی مرمت، سکولوں اور ہسپتال سمیت بنیادی سہولیات کے منصوبے فوری طور پر شروع کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیے: سونے کی قیمت میں تیسرے روز بھی بڑا اضافہ، قیمتوں میں اضافے کی وجہ کیا ہے؟
جرگے میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی یا ان کے بھائی نوید آفریدی سے ملاقات کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی، جو ونڈگری کے عوام کے مسائل اور مطالبات سے انہیں آگاہ کرے گی۔ کمیٹی وزیراعلیٰ کو علاقے میں کھلی کچہری کے انعقاد کی دعوت بھی دے گی۔
طور خیل مارکیٹ میں ہونے والے جرگے میں مشران نے کہا کہ ونڈگری کے علاقوں کو ترقیاتی منصوبوں میں نظرانداز کیے جانے سے عوام میں احساسِ محرومی بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ونڈگری کے ساتھ ناانصافی کا خاتمہ کرکے علاقے کی ضروریات کے مطابق فوری طور پر ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں۔
اس موقع پر حاجی شوکت آفریدی نے کہا کہ وہ عمران خان کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے قبائلی علاقے سے تعلق رکھنے والے نوجوان سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ منتخب کیا۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی قمبرخیل قوم کے لیے فخر ہیں، تاہم برقمبرخیل، تپہ ونڈگری کے علاقوں کو ترقیاتی منصوبوں میں نظرانداز کیے جانے سے عوام میں احساسِ محرومی بڑھ رہا ہے۔
حاجی شوکت آفریدی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے مطالبہ کیا کہ وہ ذاتی طور پر معاملے کا نوٹس لے کر ونڈگری کے جائز حقوق اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔
واضح رہے کہ تحصیل باڑہ میں قبیلہ برقمبرخیل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے حلقے میں شامل ہے۔
