ملک بھر میں سونے کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ برقرار ہے، کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی فی تولہ سونا مزید 5 ہزار 100 روپے مہنگا ہوگیا۔

 

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں اضافے کے اثرات مقامی صرافہ مارکیٹ میں بھی نظر آئے، جس کے باعث جمعہ کے روز سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا۔ حالیہ اضافے کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 5 ہزار 100 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 54 ہزار 336 روپے ہوگئی۔

 

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 4 ہزار 372 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 89 ہزار 519 روپے ہوگئی۔

 

یہ بھی پڑھیے: افغان مہاجرین کی وطن واپسی پشاور کے بورڈ بازار میں روایتی افغان ملبوسات کے کاروبار کو کس طرح متاثر کر رہی ہے؟

 

صرافہ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں گزشتہ چند روز سے جاری اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاروں کی محفوظ سرمایہ کاری کی طرف بڑھتی ہوئی دلچسپی سونے کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں۔

 

واضح رہے کہ عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی، مختلف خطوں میں جاری کشیدگی، مرکزی بینکوں کی مالیاتی پالیسیوں اور امریکی ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ سونے کی قیمتوں کو براہ راست متاثر کرتا ہے۔ اسی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں معمولی تبدیلی بھی مقامی صرافہ بازار میں سونے کی قیمت پر اثر ڈالتی ہے۔

 

دوسری جانب سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث زیورات خریدنے والے شہریوں میں تشویش بڑھ گئی ہے۔ صرافہ بازار سے منسلک تاجروں کے مطابق قیمتیں بلند ہونے کے باعث سونے کی خرید و فروخت میں واضح کمی ہوئی ہے اور بیشتر خریدار صرف ضرورت کے وقت ہی سونا خرید رہے ہیں۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ 3 روز کے دوران فی تولہ سونا 26 ہزار 400 روپے مہنگا ہوچکا ہے۔