بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (بی آئی ایس ای) پشاور کے نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج جاری کر دیے گئے۔ نتائج کے مطابق ریاضی سب سے مشکل مضمون ثابت ہوا، جس میں 33 ہزار 768 طلبہ فیل ہوئے۔

 

بورڈ کی گزٹ بک کے مطابق نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 93 ہزار طلبہ نے شرکت کی۔ دسویں جماعت میں کامیابی کا تناسب 70 فیصد جبکہ نویں جماعت میں 59 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

 

یہ بھی پڑھیے: پشاور: تعلیمی بورڈ نے میٹرک سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا

 

اعداد و شمار کے مطابق کیمسٹری میں 30 ہزار 552، حیاتیات میں 30 ہزار 392، پاکستان اسٹڈیز میں 28 ہزار 531، فزکس میں 27 ہزار 914، اسلامیات (لازمی) میں 25 ہزار 542، انگریزی میں 15 ہزار 186، مطالعۂ قرآن حکیم میں 13 ہزار 566، جنرل سائنس میں 12 ہزار 345 اور اردو میں 11 ہزار 474 طلبہ فیل ہوئے۔

 

گزٹ بک کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال بھی سائنس کے مضامین میں ناکامی کی شرح دیگر مضامین کے مقابلے میں زیادہ رہی، جبکہ ریاضی سب سے زیادہ طلبہ کے فیل ہونے والا مضمون رہا۔