پشاور تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا، جس کے مطابق نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات میں مجموعی طور پر ہزاروں طلباء نے کامیابی حاصل کی۔

 

بورڈ انتظامیہ کے مطابق نویں جماعت کے امتحانات میں 97 ہزار 950 طلباء نے شرکت کی، جن میں سے 57 ہزار 847 طلباء کامیاب قرار پائے، جبکہ 40 ہزار سے زائد طلباء دسویں جماعت میں پروموٹ نہ ہو سکے۔ نویں جماعت کے امتحانات میں کامیابی کا تناسب 59.06 فیصد رہا۔

 

یہ بھی پڑھیے: پشاور ہائی کورٹ نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے ملازمین کے مفت بجلی یونٹس کی سہولت ختم کر دی

 

دسویں جماعت کے امتحانات میں 95 ہزار 496 طلباء شریک ہوئے، جن میں سے 66 ہزار 988 طلباء کامیاب قرار پائے، جبکہ 27 ہزار 788 طلباء فیل ہو گئے۔ دسویں جماعت کے امتحانات میں کامیابی کا تناسب 70.15 فیصد رہا۔

 

نتائج کے مطابق سائنس گروپ میں اومامہ علی نے 1182 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔ سیدہ عتیقہ 1178 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ حریم خان 1177 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہیں۔

 

آرٹس گروپ میں محمد ابوذر نے 1088 نمبرز حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی، سائرہ ظفر 1074 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ سیف ہمدان 1062 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہے۔

 

اسپیشل بچوں کی کیٹگری میں محمود ایاز نے 1060 نمبرز لے کر پہلی، رابعہ بی بی نے 1052 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ محمد آذان خان نے 1051 نمبرز حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

تعلیمی بورڈ پشاور کی جانب سے کامیاب ہونے والے طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔