صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق 29 جولائی سے اب تک خیبرپختونخوا میں تیز بارشوں، فلش فلڈ اور گھروں کی چھتیں و دیواریں گرنے کے مختلف واقعات میں 6 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں 2 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں بھی 2 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: بلوچستان میں پشتون قومی جرگہ، کیا یہ مکالمے کے ذریعے مسائل کے حل کی راہ ہموار کر سکے گا؟
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث 65 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 41 گھروں کو جزوی جبکہ 24 گھر مکمل طور پر منہدم ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق یہ واقعات ایبٹ آباد، سوات، بونیر، خیبر، لوئر چترال، لوئر دیر، مانسہرہ، مردان، پشاور، شانگلہ، صوابی، اپر دیر اور اپر کوہستان میں پیش آئے۔
پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو امدادی کارروائیاں مزید تیز کرنے اور متاثرین کو فوری امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور موسمی الرٹس و ایڈوائزری پر عمل کریں۔
