آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے دوسرے مرحلے کے انتخابات کے لیے دو حلقوں، وادی کشمیر 6 (ایل اے 45) اور جموں 6 پر پولنگ 2 اگست کو ہوگی۔ خیبر پختونخوا کے 22 اضلاع، بشمول پشاور، میں ان حلقوں کے لیے انتخابی عمل مکمل انتظامات کے ساتھ شروع ہوگا۔

 

الیکشن کمیشن کے مطابق ایل اے 45 ویلی 6 کے انتخابات میں پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں مقیم کشمیری مہاجرین حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ اس حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 7 ہزار 655 ہے، جن میں 4 ہزار 121 مرد اور 3 ہزار 534 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیے: شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 5 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک، میجر حافظ احسان الہٰی شہید

 

صوبے کے مختلف اضلاع میں انتخابات کے لیے مجموعی طور پر 41 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں 5 مردانہ، 10 خواتین اور 26 مشترکہ پولنگ اسٹیشن شامل ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 70 پولنگ بوتھ قائم کیے جائیں گے، جن میں 33 مردوں اور 37 خواتین کے لیے مختص ہوں گے۔

 

الیکشن کمیشن کے مطابق پشاور میں 1 ہزار 520 رجسٹرڈ ووٹرز کے لیے 2 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ مردانہ پولنگ اسٹیشن گورنمنٹ شہید اسامہ ظفر سینٹینل ماڈل ہائی اسکول نمبر 2، پشاور سٹی جبکہ خواتین کا پولنگ اسٹیشن گورنمنٹ شہید حسنین شریف ہائر سیکنڈری اسکول نمبر 1، پشاور سٹی میں قائم کیا گیا ہے۔

 

الیکشن کمیشن کے مطابق اس حلقے میں 7 امیدوار مدِمقابل ہیں۔ خواجہ محمد دلاور وانی جموں و کشمیر مسلم کانفرنس اور مسلم لیگ (ن) کے مشترکہ امیدوار ہیں، جبکہ جماعت اسلامی کے عبدالحمید بٹ، پاکستان پیپلز پارٹی کے عبدالمجید خان اور جموں کشمیر یونائیٹڈ موومنٹ کے مرزا خلیل الرحمن بیگ بھی انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔ آزاد امیدواروں میں بشیر احمد خان، محمد زریاب اور محمد فیاض شامل ہیں۔

 

الیکشن کمیشن کے مطابق خیبر پختونخوا کے 22 اضلاع میں رہنے والے کشمیری مہاجرین قانون ساز اسمبلی کے انتخابی عمل میں حصہ لیں گے۔ مانسہرہ میں 3 ہزار 480 رجسٹرڈ ووٹرز کے لیے 9 پولنگ اسٹیشن، ایبٹ آباد میں 1 ہزار 105 ووٹرز کے لیے 2 پولنگ اسٹیشن، ہری پور میں 625 ووٹرز کے لیے 2 پولنگ اسٹیشن اور پشاور میں 1 ہزار 520 رجسٹرڈ ووٹرز کے لیے 2 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔

 

اسی طرح چارسدہ میں 4، نوشہرہ میں 88، مردان میں 33، صوابی میں 3، کوہاٹ میں 2، لکی مروت میں 1، جنوبی وزیرستان لوئر میں 5، ٹانک میں 2، دیر اپر میں 18، دیر لوئر میں 1، شانگلہ میں 1، بونیر میں 1، چترال اپر میں 2 اور اپر کوہستان میں 9 رجسٹرڈ ووٹرز اپنے متعلقہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کے دفاتر میں حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

 

ڈیرہ اسماعیل خان میں 391 ووٹرز کے لیے 2 پولنگ اسٹیشن جبکہ بٹگرام میں 5 ووٹرز کے لیے ایک پولنگ اسٹیشن قائم کیا گیا ہے۔ سوات میں 536 ووٹرز کے لیے 6 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جبکہ ضلع کولئی پالس میں 8 رجسٹرڈ ووٹرز کے لیے 2 مختلف اسکولوں میں پولنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔