خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے 5 بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو ہلاک کر دیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں میجر حافظ احسان الہٰی شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشن شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں کیا گیا، جہاں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔
یہ بھی پڑھیے: گزشتہ سال کی طرح رواں سال بھی زیادہ تر خودکش حملہ آور افغان شہری تھے، ڈی جی آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں میجر حافظ احسان الہٰی نے اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
بیان کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں کے علاوہ بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔
