ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے انسدادِ دہشت گردی اور سیکیورٹی امور پر اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج خاص طور پر بلوچستان کی صورتحال پر بات کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں 7 ہزار 177 جبکہ بلوچستان میں 31 ہزار 80 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال اب تک ملک بھر میں مجموعی طور پر 3 ہزار 145 دہشت گردی کے واقعات پیش آئے، جن میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان سب سے زیادہ متاثر رہے۔ ان کے مطابق دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں اب تک 2 ہزار 84 دہشت گرد ہلاک کیے گئے، یعنی اوسطاً روزانہ تقریباً 10 دہشت گرد مارے گئے۔
یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 32 دہشتگرد ہلاک
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ رواں سال اب تک 819 افراد شہید ہوئے، جن میں 303 پاک فوج کے جوان، 394 قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اور 322 شہری شامل ہیں۔ ان کے مطابق روزانہ اوسطاً چار افراد نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جان کا نذرانہ پیش کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ رواں سال اب تک 28 خودکش حملے ہوئے اور گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی خودکش حملہ آور افغان شہری تھے۔ ان کے مطابق ٹانک اور کراچی سمیت تمام خودکش حملوں میں افغان شہری ملوث پائے گئے، جبکہ پاک فوج کی کارروائیوں میں افغان نیشنلٹی رکھنے والے اور ان سے وابستہ افراد بھی شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران دہشت گردی کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشنز کیے گئے، تاہم بلوچستان کے حوالے سے جان بوجھ کر منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئین اور قانون سب کے لیے برابر ہے اور تمام معاملات آئین کے مطابق ہی دیکھے جاتے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ملک کے دیگر علاقوں میں 2 ہزار 91 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ آئین ہر شہری کو ریاست سے وفاداری اور اس کی پاسداری کا پابند بناتا ہے، اس لیے حقوق کے ساتھ فرائض کی ادائیگی بھی ضروری ہے۔
انہوں نے فیلڈ مارشل کے حالیہ خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم اکثر حقوق کی بات کرتے ہیں، لیکن فرائض کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ شہریوں کو ان کے قومی فرائض سے بھی آگاہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر پاکستانی کی پہلی اور آخری شناخت پاکستان ہونی چاہیے اور ریاست کے ساتھ وفاداری ہر شہری کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ ریاست ہے تو سیاست ہے، ریاست ہے تو جان ہے، ریاست ہے تو شناخت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ کیا ہم اپنے قومی فرائض پوری ذمہ داری سے ادا کر رہے ہیں۔
