پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر مختلف کارروائیاں کی گئیں، جن میں مجموعی طور پر 32 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 28 اور 29 جولائی کی درمیانی شب خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں کیے گئے انٹیلی جنس آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے مختلف ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیے: جامعات کے لیے مالی معاونت، طلبہ کی اعلیٰ تعلیم پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے اہم اعلانات
بیان کے مطابق بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بھی انٹیلی جنس اطلاعات پر متعدد کارروائیاں کی گئیں، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشتگرد مارے گئے۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے زیر استعمال اسلحہ، گولہ بارود اور آئی ای ڈیز بھی برآمد کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
