پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے صوبے کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں کے پیشِ نظر فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ اور شہری سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق آج سے جمعہ تک شدید بارشوں کے باعث حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلاب (فلیش فلڈ) کا خطرہ ہے، جبکہ پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان اور صوابی میں شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کا بھی خدشہ ہے۔ تیز آندھی اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور عمارتوں، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور اشتہاری بورڈز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: پاک افغان سرحدی گزرگاہوں کی بحالی کا مطالبہ، بارڈر چیمبرز آف کامرس کا مشترکہ مؤقف

 

ادارے کے مطابق جمعہ کے روز اپر و لوئر دیر، سوات، شانگلہ، ملاکنڈ، بونیر، باجوڑ، اپر و لوئر کوہستان، کولائی پالس، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، صوابی، مہمند، چارسدہ اور نوشہرہ میں بیشتر مقامات پر تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں شدید اور بعض مقامات پر انتہائی شدید بارش متوقع ہے۔

 

اسی طرح اپر و لوئر چترال، پشاور، خیبر، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، ہنگو، کرک، لکی مروت، بنوں، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں بھی مختلف مقامات پر تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے، جبکہ چند مقامات پر شدید بارش متوقع ہے۔

 

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مہمند ڈیم میں 96، لنڈی کوتل میں 65، تخت بھائی میں 38، پشاور سٹی میں 21، پشاور ایئرپورٹ پر 20، سیدو شریف میں 15، چراٹ میں 13، بالاکوٹ میں 10، کاکول میں 2 اور ڈیرہ اسماعیل خان ایئرپورٹ پر ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ تیمرگرہ میں معمولی (ٹریس) بارش ہوئی۔

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ روز صوبے میں سب سے زیادہ درجہ حرارت ڈیرہ اسماعیل خان ایئرپورٹ پر 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

 

پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، برساتی نالوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔