خیبرپختونخوا ہیلتھ کیئر کمیشن نے مالی سال یکم جولائی 2025 سے 30 جون 2026 تک کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
ترجمان کمیشن عزم رحمان کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران 2,574 نئے طبی مراکز رجسٹر کیے گئے، جس کے بعد صوبے بھر میں رجسٹرڈ طبی مراکز کی مجموعی تعداد 23,041 ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 32 دہشتگرد ہلاک
رپورٹ کے مطابق، حکومتی کفایت شعاری مہم کے باوجود کمیشن نے صوبے بھر میں 28,085 طبی مراکز کا معائنہ کیا۔ اس دوران 5,696 غیرقانونی طبی مراکز کو سیل کیا گیا، جبکہ 11,993 مراکز کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے نوٹس (حکمِ جواز) جاری کیے گئے۔ اس کے مقابلے میں مالی سال 2024-25 کے دوران 1,491 غیرقانونی طبی مراکز سیل کیے گئے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران 394 طبی مراکز کی لائسنسنگ کے لیے جانچ پڑتال کی گئی، جن میں سے خدماتِ صحت کے مطلوبہ معیار پر پورا اترنے والے 154 مراکز کو مکمل لائسنس جاری کیے گئے۔ جبکہ 2023 میں لائسنسنگ کے عمل کے آغاز سے اب تک 685 طبی مراکز کا جائزہ لیا جا چکا ہے، جن میں 271 کو مکمل لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں۔
کمیشن نے گزشتہ سال 30 تربیتی پروگرام بھی منعقد کیے، جن کے ذریعے 658 طبی عملے کے افراد کو خدماتِ صحت کے معیار سے متعلق تربیت فراہم کی گئی۔ تربیت مکمل کرنے والے 569 طبی مراکز کو عبوری لائسنس بھی جاری کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق، گزشتہ سال کمیشن کو موصول ہونے والی 1,158 شکایات میں سے 1,105 کو نمٹا دیا گیا۔
ڈائریکٹر آپریشنز ارسلان احمد خان نے سالانہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری اور محفوظ طبی سہولیات کی فراہمی ہیلتھ کیئر کمیشن کی اولین ترجیح ہے، جبکہ رپورٹ میں شامل اعداد و شمار کمیشن کی مؤثر کارکردگی کی عکاسی کرتے ہیں۔
