وینزویلا میں 7.2 اور 7.5 شدت کے دو طاقتور زلزلوں کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 235 تک پہنچ گئی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق اب تک ایک درجن سے زائد آفٹر شاکس ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔ زلزلوں کے باعث 1500 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ سیکڑوں افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: بنوں: سی پیک سرکلر روڈ پر نجی ایمبولینس پر فائرنگ، 4 افراد جاں بحق
شدید زلزلوں سے عمارتوں، سڑکوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ دارالحکومت کاراکس میں کئی عمارتیں منہدم ہوگئیں، جس کے باعث متعدد متاثرہ خاندان کھلے آسمان تلے رات گزارنے پر مجبور ہیں۔ کاراکس ایئرپورٹ کو بھی نقصان پہنچنے کے باعث فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
قائم مقام صدر نے زلزلہ متاثرہ ساحلی علاقوں کا دورہ کیا، جبکہ ماہرین نے آئندہ ہفتے کے دوران 5 شدت کے مزید زلزلے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
دوسری جانب امریکا نے وینزویلا کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں تعینات کر دی ہیں، جبکہ مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو نے زلزلہ متاثرین کے لیے ہنگامی طور پر ایک لاکھ یورو امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
