بنوں میں سی پیک سرکلر روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے ایک نجی ایمبولینس پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب نجی ایمبولینس سی پیک سرکلر روڈ سے ہوید خوجڑی روڈ کی جانب جا رہی تھی کہ نامعلوم مسلح افراد نے اس پر فائرنگ کر دی۔
یہ بھی پڑھیے: باجوڑ: ایک ہی خاندان کے 8 افراد کی اچانک طبیعت کیوں بگڑی؟ دو کمسن بچیاں جاں بحق، 6 زیرِ علاج
فائرنگ کے نتیجے میں ایمبولینس میں سوار چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال منتقل کر دیا، جہاں قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کے پاس کوئی شناختی دستاویز موجود نہیں تھیں، جس کے باعث ان کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ حکام کا کہنا ہے کہ شناخت مکمل ہونے کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی جائیں گی۔
پولیس کے مطابق ابتدائی شواہد کی بنیاد پر واقعہ بظاہر دہشت گردی کا معلوم ہوتا ہے، تاہم حملے کی نوعیت اور محرکات کے حوالے سے حتمی رائے تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی دی جا سکے گی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے بنوں میں نجی ایمبولینس پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔
وزیراعلیٰ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے شہدا کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی۔
