باجوڑ کی تحصیل اتمانخیل کے علاقے بانڈہ گئی میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد کی اچانک طبیعت خراب ہونے سے دو کمسن بچیاں جاں بحق جبکہ 6 افراد کو مزید علاج کے لیے پشاور منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق واقعہ 24 جون کی شب پیش آیا، جب مسکینی سے تعلق رکھنے والے حسین خان کے اہلِ خانہ کی اچانک طبیعت بگڑ گئی۔ متاثرہ افراد کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم 8 سالہ علیشہ بی بی اور 5 سالہ پاکیزہ بی بی دورانِ علاج دم توڑ گئیں۔
متاثرہ خاندان کے دیگر افراد روبینہ بی بی، سلیمان، رضوان، عادل، شیفہ بی بی اور ناہیدہ بی بی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد بہتر علاج کی غرض سے پشاور منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیے: جنوبی وزیرستان: گزشتہ روز اغواء کیے گئے ایس ایچ او سمیت 6 پولیس اہلکار بازیاب
واقعے کے بعد ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی آؤٹ بریک رسپانس ٹیم نے متاثرہ گھر کا دورہ کیا اور شواہد اکٹھے کیے۔ حکام کے مطابق پانی سے پھیلنے والی بیماری کے خدشے کے پیشِ نظر گھر میں استعمال ہونے والے پانی کے نمونے حاصل کرکے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں، جبکہ متاثرہ افراد کی میڈیکل رپورٹس کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان نے تاحال کسی فرد کے خلاف کوئی الزام یا شکایت درج نہیں کرائی، تاہم واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
مقامی افراد کے مطابق متاثرہ خاندان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں تھی۔
ابتدائی طور پر آلودہ پانی یا خوراک کے استعمال کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، تاہم واقعے کی اصل وجہ لیبارٹری نتائج، طبی رپورٹس اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آ سکے گی۔
