مون سون بارشوں کے دوران ممکنہ سیلابی صورتحال اور دریاؤں و ندی نالوں میں ڈوبنے کے واقعات کے خدشات کے پیش نظر ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا نے پیشگی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
ترجمان ریسکیو بلال احمد فیضی کے مطابق صوبے کے 14 اضلاع میں مجموعی طور پر 40 عارضی واٹر ریسکیو پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں تاکہ ہنگامی حالات میں فوری اور مؤثر ریسپانس یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیے: مردان: سکھ جوڑے کے قتل کو محض ذاتی فعل قرار نہیں دیا جا سکتا، سردار رمیش کمار
اعداد و شمار کے مطابق سوات میں سب سے زیادہ 7، چارسدہ اور نوشہرہ میں 4، 4 پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔ اسی طرح ڈی آئی خان، اپر چترال اور خیبر میں 3، 3 جبکہ پشاور، شانگلہ، مانسہرہ، لوئر چترال، صوابی، لوئر دیر، اپر دیر اور ملاکنڈ میں 2، 2 مقامات پر یہ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔
ان عارضی واٹر ریسکیو پوائنٹس پر تربیت یافتہ غوطہ خور، جدید ریسکیو آلات، لائف جیکٹس، لائف بوائے، ریسکیو رسیاں اور دیگر ضروری سامان موجود ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ آفت کی صورت میں بروقت امدادی کارروائیاں کی جا سکیں۔
