وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پولیس سہولت مرکز (پی ایس ایم) ایپ، کائنیٹیک پولیس ایکشن ڈیش بورڈ اور متعدد جدید ڈیجیٹل پولیسنگ اقدامات کا افتتاح کر دیا، جن کے ذریعے مختلف پولیس خدمات ایک ہی پلیٹ فارم پر عوام کو فراہم کی جائیں گی۔

 

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پولیس نظام کو مزید شفاف، مؤثر اور جوابدہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کو نئی پولیس سہولیات اور ان کے استعمال سے آگاہ کرنے کے لیے مؤثر آگاہی مہم چلائی جائے۔

 

بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے میں ایف آئی آر کے آن لائن اندراج کے لیے ڈیجیٹل نظام فعال کر دیا گیا ہے، جبکہ آن لائن شکایات مینجمنٹ سسٹم بھی متعارف کرا دیا گیا ہے جس کے تحت شہری ٹال فری نمبر، واٹس ایپ، فیس بک، ایس ایم ایس اور دیگر ذرائع سے اپنی شکایات درج کرا سکیں گے۔

 

یہ بھی پڑھیے: مردان: سکھ جوڑے کے قتل کیس میں اہم پیشرفت، ملزم کی شناخت سامنے آگئی

 

وزیراعلیٰ نے کائنیٹیک پولیس ایکشن ڈیش بورڈ کا بھی افتتاح کیا، جس کے ذریعے ریئل ٹائم مانیٹرنگ، صوبہ بھر سے رپورٹنگ اور مختلف امور پر تیز رفتار عمل درآمد ممکن ہو سکے گا۔ مختلف پولیس سروسز کے لیے خصوصی ڈیسک بھی قائم کیے گئے ہیں۔

 

بریفنگ کے مطابق لاپتہ بچوں کی تلاش اور بازیابی کے لیے ’’تلاش گمشدہ پورٹل‘‘ متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ صنفی تشدد کا شکار افراد اب اپنی شکایات آن لائن درج کرا سکیں گے۔ خواتین اور بچوں کو ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کرنے کے لیے ’’پنک بٹن‘‘ فیچر بھی متعارف کر دیا گیا ہے۔

 

شہری اب گھر بیٹھے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ اور کلیئرنس سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے، جن کے لیے بایومیٹرک تصدیق اور آن لائن ادائیگی کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے۔ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول اور تجدید کے عمل کو مزید آسان بنایا گیا ہے جبکہ شہری اپنا ڈرائیونگ لائسنس موبائل فون پر بھی استعمال کر سکیں گے۔

 

مزید برآں لائسنس، چالان اور دیگر پولیس دستاویزات کی آن لائن تصدیق کے لیے مشترکہ ویری فکیشن سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔ خواجہ سراؤں اور اقلیتی برادری کے لیے خصوصی شکایات پورٹلز بھی قائم کیے گئے ہیں، جبکہ پولیس افسران کی فیلڈ کارکردگی بہتر بنانے کے لیے KPCOP موبائل ایپ بھی متعارف کرائی گئی ہے۔

 

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ یہ اقدامات پولیس خدمات کو عوام کی دہلیز تک پہنچانے اور شہریوں کو فوری، آسان اور مؤثر سہولیات فراہم کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو تمام نئے آن لائن نظاموں پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔