ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں زمین کے تنازعے پر فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ تھانہ باڑہ کی حدود برقمبرخیل امن چوک میں پیش آیا، جہاں زمین کے تنازعے پر فریقین کے درمیان جھگڑا شدت اختیار کرگیا اور فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فائرنگ کے نتیجے میں فرہاد ولد بادشاہ جان، زوجہ اصغر اور آفتاب ولد اصغر موقع پر جاں بحق ہوگئے، جبکہ اصغر اور ان کی بیٹی مسماتہ (ب) زخمی ہوگئیں۔
یہ بھی پڑھیے: مقامی مارکیٹ میں سونا سستا، فی تولہ قیمت کتنی ہوگئی؟
زخمیوں کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد کے لیے ڈوگرہ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں مزید علاج کے لیے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور منتقل کردیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق دونوں زخمیوں کا علاج جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ زمین کے تنازعے کے باعث پیش آیا، جبکہ فریقین آپس میں چچازاد بھائی بتائے جاتے ہیں۔
واقعے کے بعد پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
