پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں کل سے 20 جون تک بارشوں، تیز ہواؤں، آندھی اور ژالہ باری کے امکان کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بالائی اور وسطی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کی توقع ہے، جبکہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان کے حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔

 

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی فصلوں، باغات، بجلی کے نظام اور کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، اس لیے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

 

یہ بھی پڑھیے: پشاور: خواتین چور گینگ بے نقاب، چوری کی رقم سے کیا خریدا گیا، اہم انکشافات سامنے آگئے

 

پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل کرنے، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات یقینی بنانے اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

 

سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ خراب موسمی حالات کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور پہاڑی علاقوں، دریاؤں، ندی نالوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے مقامات کے قریب احتیاط برتیں۔

 

پی ڈی ایم اے نے کسانوں کو فصلوں اور مویشی پال حضرات کو اپنے جانوروں کے تحفظ کے لیے ضروری احتیاطی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ ریسکیو اور امدادی اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل یقینی بنانے کے لیے الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے۔